کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے عوام ووٹ کی طاقت سے بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کی سیاست کو مسترد کردینگے۔
حیدری نارتھ ناظم آباد میں کاروان ترازو کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا ہے کہ انتخابات میں 2 دن رہ گئے ہیں، شہر اپنی سمت کا تعین کرچکا ہے، کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں طویل عرصے تک بھتہ خوری، بوری بند لاشوں کی سیاست ہوتی رہی، شہر کراچی ملک کی معیشت کو چلاتا ہے لیکن یہاں کے عوام کا استحصال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں باران رحمت ظالم اور کرپٹ ٹولوں کی وجہ سے بار ان زحمت بن گئی، اقتدار پر مسلط مافیاؤں نے کراچی کے عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں کیں ،8 فروری کو کراچی کے عوام ترازو پر مہر لگا کر تمام مافیاؤں کو مسترد کردیں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور حکومت نے پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا گیا ہے،آزاد امیدواروں کو بھی پارٹیوں کے حق میں بٹھایا جارہا ہے،کراچی والے جان لیں کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کسی بھی پارٹی کو ووٹ دیں گے تو وڈیروں اور جاگیرداروں کے حق میں جائے گا۔