غریب کو حق دینے کے علاوہ مسلم لیگ ن کا کوئی منشور نہیں: مصدق ملک

Published On 05 February,2024 11:43 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مصدق ملک نے کہا کہ غریب کو حق دینے کے علاوہ ن لیگ کا کوئی منشور نہیں۔

مسلم لیگ ن کے جلسہ سے بطور مہمان خصوصی مصدق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کے شیروں کیلئے لاہور کے ببر شیر نوازشریف کا پیغام لایا ہوں، نواز شریف نے ورکرز کو ٹکٹ دے کر اپنا وعدہ پورا کر دیا، آپ اپنا وعدہ پورا کر کے انہیں قومی اسمبلی میں بھیج دیجئے۔

مصدق ملک نے کہا کہ وہ لوگ جو لیول پلیئنگ فیلڈ کا کہتے تھے انکو آج لیول پلیئنگ فیلڈ دکھائیں، لیول تب خراب ہوا جب شہیدوں کے مجسموں کو ٹھوکریں ماریں، اگر ان کو پکڑو تو لیول پلیئنگ فیلڈ خراب، رانا ثنا اللہ پر ہیروئن ڈالو تو وہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں آیا ہوں لوگوں کو دکھانے کیلئے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کیا ہے، پچیس سال میں میاں نوازشریف کو کتنی مرتبہ جیل بھیجا گیا، بار بار نوازشریف کو گرایا جاتا ہے مگر وہ باربار آ جاتا ہے، ہمیں ٹی وی پر دکھائی جانے والی ترقی سے کوئی لینا دینا نہیں، ہمیں وہ ترقی چاہئے جو سامنے ہو، جو کسانوں کیلئے ہو۔

مصدق ملک نے مزید کہا کہ پچیس سال میں ایک موقع ملا تو ہزاروں میل کی موٹر ویز بنا دیں، گیس کے کارخانے لگائے، غریب کیلئے دانش سکول بنائے، ان کے بچے تو ایچی سن کالجز میں پڑھتے ہیں، چار سال میں تیس بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کروائی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ وہ دن کب آئے گا جب ترکھان کا بچہ سیکرٹری بنے گا، وہ سکول چاہئے جہاں موچی کا بچہ ڈپٹی کمشنر بنے، ہاتھ اٹھا کر نوازشریف سے وعدہ کریں ہر شخص ووٹ ڈالنے کیلئے باہر نکلے گا۔