مالاکنڈ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف کو مکافات عمل دنیا میں دیکھنا پڑے گا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے سلسلے میں مالاکنڈ کے عوام سے مخاطب ہوں، پیپلز پارٹی کو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، ان انتخابات میں بھی وہ کہتے رہے موسم بہت برا ہوگا، ساتھ ساتھ کہتے رہے دہشتگردی کا خطرہ ہے، مالاکنڈ کے جیالے بار بار پیپلزپارٹی کیلئے جدوجہد کرتے ہیں۔
— PPP (@MediaCellPPP) January 31, 2024
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، شہادتیں قبول کیں، آپ نے سلیکٹڈ راج بھی دیکھا، آپ کے پاس 8 فروری کو ایک موقع ہے، مالاکنڈ کے اصل نمائندوں کا آپ سے تعلق تین نسلوں سے ہے، ہم ملکر تمام مسائل اور بحرانوں کا مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ آج ہم ایک بار پھر الیکشن کی طرف جارہے ہیں، جو اس سے پہلے وزیراعظم تھے وہ الیکشن نہیں لڑسکتے، مخالف جشن منارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے، ہم لاشیں اٹھا کر لڑنے کے عادی ہیں، بلاول بھٹو
انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگایا، بانی پی ٹی آئی بھی یہی نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے آرہے تھے، ایک شخص نے پہلے بھی تین بار نفرت اور تقسیم کی سیاست کی، یہ شخص خدانخواستہ وزیراعظم بن جاتا ہے تو پھر وہی سیاست کرے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ نوازشریف نے وعدہ کیا تھا وہ ووٹ کی عزت کرائیں گے، کیا آج ن لیگ والے ووٹ کی عزت کررہے ہیں؟ بانی پی ٹی آئی کہتے تھے سب کو جیل میں ڈالوں گا، بانی پی ٹی آئی کہتے تھے یہ بھی چور ہے وہ بھی چور ہے، جو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تھے کیا وہ فرشتے تھے؟
چیئرمین پی پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اب خود توبہ کرنی چاہئے، بانی پی ٹی آئی کہتے تھے میں انکو رلاؤں گا آج خود رو رہے ہیں، طاقت کے نشے میں انہوں نے وہ کام کیا، مجھے افسوس ہے انکی بیوی کو جیل میں جانا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: تخت لاہور کی لڑائی پورے ملک کو لے ڈوبے گی: بلاول بھٹو زرداری
انہوں نے مزید کہاکہ یہ مکافات عمل کب تک جاری رہے گا، سوال یہ ہے ہم کب تک یہ دیکھتے رہیں گے؟ میں جگہ جگہ عوام کے پاس جارہا ہوں، میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں، کیا میاں صاحب آپکے پاس ووٹ مانگنے آئے ہیں؟
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کیا مولانا فضل الرحمان آپ کے پاس آئے ہیں، میں دائیں بائیں نہیں دیکھتا، عوام کی جانب دیکھتا ہوں، قائد عوام نے ہمیں بتایا ہے طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، میں نے انتخابی مہم اسی خیبرپختونخوا سے شروع کی، میں آپکی عزت کرتا ہوں، عوام کے پاس ہی حق ہے کہ ان کا وزیراعظم کون ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے تھے 50 لاکھ گھر بناکر دوں گا، کتنے گھر بنائے؟ بانی پی ٹی آئی نے کہا 1 کروڑ نوکریاں دوں گا، انہوں نے روزگار چھین لیا، 8 فروری کو آپ نے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے، یہ چوتھی بار والی سازش کو روکنا ہے تو عوام کو جاننا پڑے گا ایک ہی نشان ہے جو راستہ روک سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پیپلزپارٹی صرف جماعت نہیں ایک تحریک ہے: بلاول بھٹو زرداری
انہوں نے کہا کہ آپ ہماری شکل پسند کریں یا نہ کریں میدان میں ہم ہیں یا وہ ہیں، ہم ہی وہ جماعت ہیں جو شیر کا راستہ روک سکتے ہیں، ہم ہی وہ جماعت ہیں جو شیر کا شکار کرسکتے ہیں، میاں صاحب سے پوچھیں چوتھی بار وزیراعظم بننے جارہے ہیں آپ کے پاس کرنے کو کیا ہے، مولانا فضل الرحمان سے پوچھو تو کہتے ہیں ٹھپہ لگائیں اور جنت میں جائیں۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی پلانٹڈ قیادت کی وجہ سے ان کا نشان بھی چلا گیا، بانی پی ٹی آئی کے پلانٹڈ وکلاء عدالت میں بھی نہیں آتے، بانی پی ٹی آئی کے پلانٹڈ وکلاء اہم کیسز میں عدالت میں نہیں آتے، بانی پی ٹی آئی کے اپنے لوگوں نے انہیں پھنسایا ہے، اب یہی لوگ باہر جاکر کہیں گے ہم بانی پی ٹی آئی کے سپاہی ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ اگر یہ منتخب ہوجاتے ہیں تو یہی دھوکہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو پارلیمان میں دینا ہے، پیپلزپارٹی کے جیالے یہ الیکشن لڑنے اور جیتنے کیلئے تیار ہیں۔