بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں: وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 31 January,2024 09:15 am

لاہور:(دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبے کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا، وزیراعلی نے 8 کلومیٹر طویل پورے پراجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا،انہوں نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔

محسن نقوی نے نیازی چوک سے سگیاں تک پیکیج ون اور سگیاں سے بابو صابو تک پیکیج ٹو پر جاری کاموں کی پیش رفت پر بریفنگ لی اور زیر تعمیر پلوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے بابو صابو ٹول پلازہ کو کشادہ کرنے کے پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا۔

کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ کے پیکیج ون پر اسفالٹ کا کام شروع کردیا گیا، منصوبے کو 15 روز میں ٹریفک کے لئے کھولنے کا امکان ہے جبکہ پیکیج ٹو اور ٹول پلازہ پر کام کی رفتار سست ہونے پر وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے پر کام کی رفتار فوری طور پر بڑھائی جائے، زیر تعمیر پلوں کا کام جلد مکمل کیا جائے، منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،رات کو بھی ٹول پلازہ پر کام جاری رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کے اطراف سٹرکوں کے ساتھ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا بھی حکم دے دیا۔