کراچی: (دنیا نیوز) قیدیوں کی عدالت میں پیشی کا مسئلہ حل ہو گیا، صوبہ سندھ کی عدالتی تاریخ میں اہم اقدام مکمل کر لیا گیا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے عدالتی نظام میں اصلاحات کرتے ہوئے جیلوں سے قیدیوں کے لیے ویڈیو لنک کا نظام متعارف کروا دیا۔
چیف جسٹس عقیل عباسی نے جیل میں ویڈیو لنک سسٹم کا افتتاح کیا۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق جیلوں سے اب قیدیوں کی ویڈیو لنک کے ذریعہ عدالت میں پیشی ہو گی، ویڈیو لنک کے ذریعے قیدیوں کی عدالت میں پیشی سے مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں گے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ قیدیوں کی ویڈیو لنک پیشی سے ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کی بچت ہو گی، قیدیوں کو عدالت میں پیش کرنے سے پیدا سکیورٹی مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔
عدالتی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات میں پیشی کا نظام صوبے بھر میں لایا جائے گا۔
اس کے علاوہ عدالتی فیصلوں کی تصدیق شدہ نقول کے حصول کے لیے ون ونڈو نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے، ون ونڈو کی سہولیات سے وکلاء اور سائلین کو فائدہ ہوگا تاکہ وکلاء اور سائلین کو تصدیق کے عمل میں حائل روکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے ان اقدامات کا مقصد سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی ہے۔