8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کرعوام نے سازش ناکام بنانی ہے: بلاول بھٹو

Published On 28 January,2024 05:12 pm

راولپنڈی :(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر عوام نےسازش ناکام بنانی ہے۔

راولپنڈی میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کی اکثریت کسی کو چوتھی بار وزیر اعظم بنتا دیکھنا نہیں چاہتی ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست نے ملک کو بحران کا شکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا 10نکاتی عوامی معاشی ایجنڈا غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کرے گا،ہمارا ملک اس وقت خطرے میں ہے، ایک طرف معاشی بحران ہے دوسری جانب جمہوری بحران ہے، ہم ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، آپ نے ووٹ سوچ سمجھ کر دینا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں گڈ اور بیڈ طالبان کی تقسیم ختم ہونی چاہئے،ملک کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے، دہشتگردی کی جنگ میں ہم نے قربانیاں دی ہیں، ہم نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ شروع کی جو اب پھر سر اٹھا رہے ہیں،دہشتگردی کا خاتمہ صرف پیپلز پارٹی کرسکتی ہے

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اس الیکشن میں بانی پی ٹی آئی نہیں رہا، تحریک انصاف کو جو بلے کا نشان نہیں ملا اس میں ان کے وکلاء کا ہی قصور ہے کیونکہ ان کے وکلاء ہی بغیر تیاری سپریم کورٹ گئے، اس لیے اب مگرمچھ کے آنسو نہ بہائے جائیں، پی ٹی آئی کو پلانٹڈ لوگوں کی وجہ سے نقصان ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقابلہ صرف ن لیگ سے ہے، ہم ملک کو بحرانوں سے نکال کر سیاسی استحکام لا سکتے ہیں، عوام کے مسائل صرف پیپلزپارٹی حل کرسکتی ہے، ایک جماعت نےدوبارہ پرانی سیاست شروع کرلی جس سے توبہ کی ہے، عوام کسی کو چوتھی بار وزیراعظم بننا نہیں دیکھنا چاہتے، جوسمجھتے ہیں کہ وہ اس طرح سے چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنالیں گے وہ جانتے نہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔