لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں انہیں سمت مہیا کر دی تو ماضی کی تمام محرومیاں ختم ہو جائیں گی۔
پاکستان کو درپیش چیلنجز اور مستقبل کے موضوع پر نوجوانوں سے مکالمہ کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کےشعبے میں ملک میں بڑی مہارت ہے، 8 فروری کوآنیوالی حکومت کی ترجیح نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ہوگی، بدقسمتی سے آئی ٹی کی ایکسپورٹ میں زیادہ اضافہ نہیں ہو سکا، نوجوان آئی ٹی کے شعبہ میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میں کوئی امپورٹڈ نہیں مقامی وزیراعظم تھا، کیا دشمنی تھی جو ہتھکڑیاں لگائیں: نوازشریف
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 76 برس گزر گئے ہم منزل سے بہت دور ہیں، ہمارے پاس تیل ہے نہ گیس، ہمارا اثاثہ نوجوان نسل ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی صحیح رہنمائی نہ کی تو بہت بڑا چیلنج بن جائے گا، مشاورت سے پالیسی بنائی تو نوجوان نسل ملک کی قسمت سنوار دے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے مواقع فراہم کرنا ہوں گے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی دستیاب ہونا ضروری ہے، اصل ضرورت ورکشاپ میں تربیت دینے کی ہے، نوجوانوں کو آپریشنل ٹریننگ دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے، ای روزگار اور دیگر شعبوں میں بھی آپریشنل ٹریننگ کی ضرورت ہے۔
— PMLN (@pmln_org) January 24, 2024
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی اور انڈسٹری کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ہمیں سمال میڈیم انٹرپرائزز کا دائرہ کار مزید بڑھانا ہوگا، بڑے نجی اداروں کے طلبا کے والدین کیلئے اپنے بچوں کو لیپ ٹاپ دینا آسان ہے، سرکاری سطح پر لیپ ٹاپ سکیم کا دائرہ مستحق اور ذہین طلبا کیلئے تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان نسل کھیل کے میدان میں بھی جوہر دکھا رہی ہے، بچیاں بہت اچھی بیٹنگ کر رہی ہیں، میچ بھی جیت رہی ہیں، ہم ہاکی میں پیچھے چلے گئے، کرکٹ میں بھی ایسی صورتحال ہے، کھیلوں کےحوالے سے ٹیلنٹ ڈھونڈنے کیلئے کونسل بنائیں گے، کونسلز کے ذریعے پنجاب بھر میں اکیڈمیز بنائیں گے، ٹرینر لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کو حل کرنا ہر حکومت کا فرض ہے، بلوچستان کا پاکستان سے الحاق کے حوالے سے اہم کردار ہے، بلوچستان جغرافیائی لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، پاؤں پر کھڑا ہونا ہے تو وسائل پیدا کرنا ہوں گے، وسائل پیدا کرنے کیلئے محنت کرنا ہو گی، اتحاد اور اتفاق نہیں ہو گا تو قوم ترقی نہیں کرسکتی۔
یہ بھی پڑھیں: وعدہ کرتی ہوں نواز شریف کو خدمت کا موقع دینگے تو مہنگائی ختم ہو جائیگی: مریم نواز
انہوں نے کہا کہ یہ المیہ ہے کہ کسی حکومت کا منصوبہ اچھا ہے تو اس کو بند کر دو، کوئی حکومت اچھا کام کرتی ہے تو اس کو آگے بڑھانا چاہیے، موسمیاتی تبدیلی ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، جنوری کے مہینے میں بھی بارش نہیں ہوئی، 2022 میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب آیا تھا۔
صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہاری اور کسان 25 کروڑ عوام کا پیٹ پالتے ہیں، ہمیں اربن پلاننگ پر نظرثانی کرنا ہو گی، ہمیں اپنی زمین کو بچانا ہو گا، حل لے کر آئیں گے، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، سکیورٹی مسائل حل کرنا ہم سب کا فرض ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کوسب کی طرح وقار سے رہنے کا حق ہے، خواجہ سراؤں کو آگے بڑھنے کیلئے نوازشریف نے مواقع دیئے۔