دوران عدت نکاح کیخلاف درخواست، کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو ارسال

Published On 17 January,2024 01:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دوران عدت نکاح کیس کے خلاف بشریٰ بی بی کی درخواست پر کیس فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو ارسال کردی گئی۔

دوران عدت نکاح کیس کے خلاف بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی، بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ وڈیو لنک کے ذریعے اور وکیل شعیب شاہین عدالت میں پیش ہوئے۔

خاور مانیکا کے وکیل رضوان راجہ عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پہلے شکایت حنیف نامی شخص نے دائر کی تھی، عدت میں نکاح کی ایک شکایت کے خلاف اسی نوعیت کی درخواست بنچ ون میں پہلے سے زیر التوا ہے۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ جس پہلی شکایت کی یہ بات کر رہے ہیں وہ تو واپس ہو گئی تھی۔

وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ جب ایک شکایت ہی واپس ہو گئی تو یہ اس کے خلاف دائر درخواست بھی واپس لے لیتے، عدت میں نکاح نہیں ہوا تو دوسرا نکاح کیوں پڑھایا گیا تھا؟ ہمارے پاس نکاح پڑھانے والے گواہ ہیں جو کہتے ہیں نکاح دوسری مرتبہ بھی پڑھوایا گیا۔

وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت نے کل کیس کو شہادت کے لیے رکھا ہوا ہے، ٹرائل پر اسٹے دیا جائے، وکیل راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ کبھی ٹرائل پر بھی اسٹے دیا جاتا ہے؟

جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ آپ پھر انڈر ٹیکنگ دے دیں کہ کل گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہیں کرائیں گے۔

وکیل راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ ہم انڈر ٹیکنگ دیتے ہیں کہ کل بیانات ریکارڈ نہیں کرائیں گے، اگر پہلی درخواست چیف جسٹس عامر فاروق کے پاس ہے تو یہ کیس بھی وہیں بھیج دیں، جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فائل چیف جسٹس عامر فاروق کو بھجوا دی۔