لاہور(دنیا نیوز)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا حل پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتیں اور متعلقہ فریق کرسکتے ہیں نگران حکومت کے بس کی بات نہیں ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچ خواتین مارچ جب سے چلا انہیں اسلام آباد تک پہنچنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوا،جب وہ اسلام آباد آئے ان سے کہا گیا کہ آپکو جلسہ کیلئے ایف نائن پارک دیا جاسکتا ہے ،لیکن انکا اصرار تھا کہ وہ ریڈ زون میں جائیں گے ۔
نگران وفاقی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ لاٹھی چارج کا واقعہ رات ایک بجے کے بعد ہوا، وہاں پریس کلب میں موجود لوگوں نے ریڈ زون کی طرف جانے کی کوشش کی، پھر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج ہوا،ہم ان خواتین کے پاس گئے ان سے بات چیت کی،ابھی جہاں وہ بیٹھی ہیں انہیں وہاں ایمبولینس دی گئی ہے ،ہماری خواہش ہے کہ وہ پرامن طریقے سے واپس جائیں اور آنے والی حکومت انکے مسائل حل کرے۔
نگران وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ آئین میں لکھا ہے کہ ملک کا نظام منتخب نمائندے چلائیں گے، سب کو معلوم ہے 8فروری کو انتخابات ہو رہے ہیں، پاکستان کے اشرافیہ کسی نہ کسی صورت میں اقتدار میں رہے ہیں، اس وقت سب سے بڑا معاشی چیلنج در پیش ہے،میرے خیال میں کل سپریم کورٹ نے بہتر فیصلہ دیا۔