17 مرتبہ وزیر رہا، بعض لوگوں نے ٹکٹ کے قابل نہیں سمجھا: شیخ رشید

Published On 13 January,2024 01:25 pm

راولپنڈی (دنیا نیوز)‏سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 17 مرتبہ وزیر رہا، بعض لوگوں نے ٹکٹ کے قابل نہیں سمجھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرقوم کے نام اپنے پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ زندگی میں جتنی تکلیفیں اٹھائیں لیکن موجودہ چھ سات ماہ کی بڑی تکلیفوں کا سوچ بھی نہیں سکتا، میں نے 40 دن کا چلہ کاٹا، غاروں میں رہا تاکہ ایک شخص کی فیملی، اہلیہ کے خلاف 164 کا بیان جاری کروں۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر توڑے گئے، ہر خاندان کے فرد کے ساتھ زیادتی ہوئی مگر میں ڈٹا رہا، آج بھی ڈٹا ہوں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سترہ مرتبہ وزیر رہا، بعض لوگوں نے ٹکٹ کے قابل نہیں سمجھا، ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا جو رات لندن سے آئے، میں اپنی دوستی نبھاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ اصولی آدمی ہوں، قوم کو بتانا چاہتا ہوں میں امتحان میں پاس ہوا جھکا نہیں اورسچ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، عوام کا امتحان ابھی باقی ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 56 سے قوم نے قلم دوات کو جتوانا ہے اورامریکہ سے اڑان بھرنے والوں کو بتانا ہوگا قوم زندہ ہے، 8 فروری کو قلم دوات کی تاریخی جیت ہوگی۔