انتخابات آتے ہی کراچی کو تباہ کرنے والوں کو شہر قائد کی یاد ستا رہی ہے: حافظ نعیم الرحمان

Published On 11 January,2024 06:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ انتخابات آتے ہی کراچی کو تباہ کرنے والی پارٹیوں کو شہر قائد کی یاد ستا رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے گلشن اقبال میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سازش کے تحت کراچی کے عوام کو تباہ و برباد کیا گیا، کراچی کو تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات سے محروم کیا گیا، نوے کی دہائی میں کراچی یونیورسٹی سے 125 بسوں کا فلیٹ نکلتا تھا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوے کی دہائی میں ہی بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی سیاست کرنے والوں نے کے ٹی سی اور کراچی سرکلر ریلوے بند کردی، مسلم لیگ ن نے بھی کراچی کے عوام کو ہمیشہ نظر انداز کیا اور مردم شماری میں آبادی کم کردی، لاہور کی میٹرو لائن تو چند مہینوں میں بن گئی لیکن کراچی میں گرین لائن آج تک مکمل نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ان کی اتحادی جماعتوں نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کر دیا ہے، 15 سال سے کراچی کے عوام شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں، کراچی کا ہر شہری ڈکیتی کی وارداتوں اور سٹریٹ کرائمز سے خوف زدہ ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس میں کالی بھیڑیں موجود ہیں جو سٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، کراچی کے عوام کے پاس سوائے جماعت اسلامی کے کوئی آپشن موجود نہیں ہے۔