ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 214 عمر کوٹ سے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
الیکشن ٹربیونل میں ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف امیدواروں کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
این اے 214 سے زین قریشی کے بھی کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے جبکہ الیکشن ٹربیونل نے این اے 238 سے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
علاوہ ازیں این اے 241 سے پی ٹی آئی امیدوار ارسلان خالد کی اپیل بھی منظور کرلی گئی اور ٹربیونل نے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
نوشہرہ سے پی ٹی آئی امیدوار کے کاغذاتِ نامزدگی منظور
دوسری جانب خیبرپختونخوا سے بھی تحریک انصاف کے امیدوار کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
اپیلیٹ ٹربیونل میں پی ٹی آئی امیدوار میاں محمد عمر کی اپیل کی سماعت ہوئی، میاں عمر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 88 نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔