پنجاب میں شدید دھند سے راستے گم، حد نگاہ صفر ہونے پر موٹر وے بند

Published On 26 December,2023 08:16 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے برقرار ہیں۔

پنجاب میں رات گئے سے شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے پر موٹر وے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک، موٹر وے ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔

موٹر وے ایم 4 شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں تک بند ہے، موٹر وے ایم 5 شیر شاہ سے روہڑی تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ مسافر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران ڈرائیونگ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور فوگ لائٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔