سال 2023: شہریوں کے جان و مال کا تحفظ وفاقی پولیس کیلئے بڑا چیلنج بنا رہا

Published On 24 December,2023 10:59 am

اسلام آباد: (عادل تنولی) سال 2023 کے دوران بھی امن وامان کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ وفاقی پولیس کیلئے بڑا چیلنج بنا رہا۔

دو ہزار تئیس کے دوران وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح بڑھ گئی، دسمبر کے آخری عشرے تک 23 ہزار 6 سو 27 واقعات رپورٹ ہوئے، اسلام آباد کے شہریوں کے ساتھ مالی فراڈ کے کیسز پہلے نمبر پر رہے، نوسر بازوں نے 18سو 9 افراد کو چونا لگا دیا۔

رواں سال اسلام آباد میں قتل کی 182 وارداتیں، اقدام قتل کے 286 کیسز رپورٹ ہوئے، کار چوری کی 735 اور موٹر سائیکل چوری کی 3705 وارداتیں ہوئیں، جبکہ 545 گاڑیاں اور1011 سائیکلیں برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا، منشیات کیخلاف کارروائیاں بھی بلاتفریق جاری رہیں۔

جاتے سال میں ڈکیتی اغوا اور زیادتی کے واقعات میں واضح کمی دیکھنے میں آئی، ڈکیتی کے 15 جبکہ اغوا کے 870 مقدمات قائم ہوئے، پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 4982 ملزمان جبکہ 697 گینگ گرفتار کئے۔