لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین کے ساتھ لودھراں سے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی۔
جہانگیر ترین سے ملاقات کرنے والوں میں رانا ارسلان خان، صدیق ارائیں، شیخ منور اور رانا جاوید ٹھاکر شامل تھے، ملاقات کے دوران لودھراں میں انتخابی مہم سمیت دیگر اہم پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سربراہ آئی پی پی نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ اہلیان لودھراں کی محبتوں کا مقروض ہوں، لودھراں میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث کسان مشکلات کا شکار ہیں، انشاء اللہ اقتدار میں آکر زرعی انقلاب کی راہ ہموار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا، کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، معیشت، صحت و تعلیم کے شعبوں میں بھی انقلابی اقدامات اٹھائیں گے۔