ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ کے زکوٰۃ ڈیپارٹمنٹ میں سیاسی تعیناتیاں منسوخ کرنے کا مطالبہ

Published On 19 December,2023 04:06 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان کے نام خط لکھ دیا۔

ایم کیو ایم کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں ضلعی ٹاؤن اور مقامی سطح پر پیپلز پارٹی کے عہدیداران زکوٰۃ کمیٹیوں کے چیئرمین تعینات ہیں، بطور چیئرمین یہ تمام عہدیداران اپنے من پسند افراد میں زکوٰۃ فنڈز تقسیم کرتے ہیں، اس مرحلے پر زکوٰۃ کے فنڈز چیئرمینوں کے حوالے کرنا پری پول دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے۔

خط میں چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ آزادانہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے، شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے زکوٰۃ کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹر بے داغ کردار کے حامل سرکاری ملازمین کو تعینات کرتے ہوئے زکوٰۃ ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی سیاسی تعیناتیاں فی الفور منسوخ کی جائیں۔