کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان نے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے ملاقات کی، ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان زاہد سلیم اور کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری سلمان چودھری بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران آئندہ عام انتخابات میں سکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے بتایا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری 2024ء کے عام انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
چیف سیکرٹری نے صوبائی الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے الیکشن کے پرامن انعقاد کے لئے بھرپور تعاون کریں گے، الیکشن کے پرامن انعقاد کے لئے سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ پلان تیار کیا جا رہا ہے، پرامن اور شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کہا کہ انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن مکمل طور پر تیار ہے، پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں اور ریٹرننگ افسروں کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے، جن علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے پولنگ سٹیشنز متاثر ہوئے انکی مرمت کو بھی یقینی بنایا جائے۔