راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت پنجاب حکومت نے سربراہ عوامی مسلم لیگ سے متعلق درج 10 مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔
جسٹس چودھری عبدالعزیز نے استفسار کیا کہ عدالت مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی، کیا آپ چاہتے ہیں عدالت مقدمات کی تفتیش بھی کرے جس پر شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے جواب دیا کہ مقدمات کی جو رپورٹ پیش کی گئی ہے عدالت اس کی جانب پڑتال کرے۔
وکیل سردار عبدالرازق نے سوال اٹھایا کہ شیخ رشید کو 6 ماہ بعد 9 مئی کے مقدمات میں کیسے نامزد کیا گیا، عدالت کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے 10 مقدمات کی تفصیل آ گئی ہے جس کی کاپی آپ کو فراہم کر دی گئی ہے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔