لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی الیکشن کمیشن کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کے فیصلے کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی۔
جسٹس شجاعت علی خان کل صبح 9 بجے تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کریں گے، آئینی درخواست پی ٹی آئی اور سابق چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق گزشتہ برس 10 جون کو قانون اور آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کروائے گئے، الیکشن کمیشن نے 20 دن کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا غیر قانونی حکم پاس کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا حکم غیر قانونی اور آئین کے منافی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کا دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کا حکم کالعدم قرار دے اور 10 جون 2022ء کو کروائے گئے انٹرا پارٹی الیکشن درست قرار دے۔