گوادر کو ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کرنے کیلئے پُرعزم ہیں: نگران وزیراعلیٰ بلوچستان

Published On 04 December,2023 07:31 pm

گوادر: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ گوادر کو ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال اور ڈی سیلینیشن واٹر پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین فرینڈ شپ کے تحت گوادر میں جدید ہسپتال کی تعمیر یہاں کے عوام کے لئے کسی تحفے سے کم نہیں، گوادر کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا بھی ایک دیرینہ مسئلہ درپیش رہا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ڈی سیلینیشن پلانٹ کے قیام سے گوادر کے باسیوں کو روزانہ پانچ لاکھ گیلن پانی میسر آسکے گا، پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے ہی وابستہ ہے، بلوچستان کی ترقی کے لئے ہر سطح پر پوری توجہ مرکوز ہے۔

علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ اربوں ڈالروں کے مختلف پراجیکٹس کی تکمیل سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، گوادر کو بین الاقوامی اہمیت کا حامل شہر بنانے کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان اور چین کی قیادت کی وسعت نظری کے باعث سی پیک سے نمایاں ترقی ہوئی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کامیابیاں ملی ہیں، سی پیک 2014ء سے 2030ء کا بڑا منصوبہ ہے، پاکستان اور چین کے درمیان قابل قدر شراکت داری کو مزید پائیدار خطوط پر استوار کیا جائے گا۔