الیکشن سے پہلے لاپتہ ساتھیوں کی واپسی کی خوشخبری ملے گی:فاروق ستار

Published On 02 December,2023 02:18 am

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے ناظم آباد نمبر 3 یوسی 46 کےانتخابی دفتر کا افتتاح کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے ہر اول دستہ میں ناظم آباد والوں کا شمار ہوتا ہے، ناظم آباد کے بغیر ایم کیو ایم کی تاریخ مکمل نہیں ہوتی، ہم نے پورے پاکستان کو بتایا تھا کہ مڈل کلاس کی نمائندگی ہم کرتے ہیں، ہماری سیٹوں کی 2018ء میں چائنہ کٹنگ کی گئی تھی، ہم اس بار کراچی کی تمام 22 نشستیں حاصل کریں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر نے مزید کہا ہے کہ کراچی کے تمام زبانیں بولنے والوں کی بڑی تعداد جوق در جوق ایم کیو ایم میں شامل ہو رہی ہے، اگلے انتخابات پورے ملک خصوصاً کراچی میں سیاسی انقلاب، بقاء اور سلامتی کی نوید ہوں گے، کراچی چلتا ہے تو پورا پاکستان اور اسلام آباد چلتا ہے، شہر قائد کے بنیادی مسائل حل نہ کئے تو یہ پاکستان کی ترقی روکنے کے مترادف ہو گا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی ہمارے دور میں دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل ہوا، آج اندرون سندھ کے علاقوں میں بدترین حالات ہیں، سندھ میں انسان کے رہنے لائق سہولیات نہیں، کراچی کی فضائی آلودگی دنیا کے بڑے شہروں میں سب سے زیادہ ہے، آج حلقہ بندیوں کا فیصلہ آیا ہے، ایک بار پھر مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی تیاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران سن لیں! سکھر، میرپورخاص، نوابشاہ سمیت تمام سندھ کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں پتنگ کی ہوں گی، شہر کے حصے کی سرکاری نوکریاں جو وڈیروں نے غصب کر لیں ان کو چھین کر عوام کو دیں گے، لاپتہ ساتھیوں کے واپس آنے کی خوشخبری الیکشن سے پہلے ملنا شروع ہو جائے گی، ہمارے سندھی بولنے والے بھائی وڈیروں کے چنگل سے آزاد ہوں گے۔