چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کرنے کیخلاف درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنیکی ہدایت

Published On 30 November,2023 03:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے خلاف درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلیمان صفدر عدالت پیش نہ ہوئے۔

عدالت نے رجسٹرار آفس کو چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے انسداد دہشت گردی عدالت سے ضمانتیں خارج کرنے کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے عبوری ضمانتیں مسترد کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کررکھی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف لاہور میں نو مئی سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔