لاہور: (دنیا نیوز) حکومتی اقدامات کے باوجود سموگ کی شدت میں کمی نہ آسکی، لاہور کا فضائی معیار انتہائی ناقص ہوگیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سموگ کے باعث آج بھی دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 371 ریکارڈ کیا گیا ہے، سموگ سے کراچی کی فضا بھی مضر صحت ہے۔
بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دنیا بھر میں سرفہرست ہے، جہاں اے کیو آئی 414 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سمارٹ لاک ڈاؤن کا دوسرا روز، پنجاب کے 10 اضلاع میں آج بھی تعلیمی ادارے بند
شہر کی آلودہ فضا میں سانس لینا بھی محال ہے، سموگ کے باعث شہری بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں، طبی ماہرین نے شہریوں کو مکمل احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سموگ کی روک تھام کیلئے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں لاک ڈاؤن کا آج دوسرا روز ہے۔
لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالا، ملتان، ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں آج بھی تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ تمام شہروں میں مارکیٹیں تین بجے کھلیں گی اور اتوار کو ہر طرح کا کاروبار بند رہے گا۔
لاہور میں اتوار کو مال روڈ پر گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا، صرف سائیکل سواروں کو اجازت ہوگی۔