اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی ریجنل مانیٹرنگ کوآرڈی نیٹرز کے لیے ایک روزہ آن لائن تربیتی ورکشاپ ہوئی، ورکشاپ میں پاکستان کے تمام ریجنل الیکشن کمشنرز کی بطور آر ایم سیز ٹریننگ کرائی گئی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 32 ریجنل الیکشن کمشنرز کو عام انتخابات 2024ء کے لیے ریجنل مانیٹرنگ کوآرڈی نیٹرز تعینات کیا گیا ہے، دو ماہ قبل بھی تمام آر ایم سیز کی دو روزہ ٹریننگ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہو چکی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ریجنل کوآرڈی نیٹرز عام انتخابات کے دوران اپنی ڈویژن کی سطح پر موثر اور جامع مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں گے، اپنے متعلقہ اضلاع کے مانیٹرنگ ٹیموں کی رہنمائی اور نگرانی بھی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات کیلئے تیاری مکمل، 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہوگی: ای سی پی
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی طرف سے 4 سطحی مانیٹرنگ کنٹرول روم بنائے جائیں گے، سینٹرل مانیٹرنگ کنٹرول سینٹر اسلام آباد کے زیرِ نگرانی صوبائی، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کنٹرول رومز کام کریں گے۔
الیکشن کمیشن ترجمان نے کہا کہ انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر موقع پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔