محسن نقوی کا دورہ سرگودھا: زیادتی کا شکار بچی کے ورثا کو انصاف کی یقین دہانی

Published On 20 November,2023 09:28 pm

سرگودھا: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ساتھ فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کا دورہ کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے زیادتی کا نشانہ بننے والی اڑھائی سالہ معصوم بچی کی عیادت کی، متاثرہ بچی کے ورثا کو انصاف کی یقین دہانی کرائی، وزیر اعلیٰ نے پولیس کو مقدمے کا چالان جلد عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر محسن نقوی کو بریفنگ دی گئی کہ بچی کی طبیعت بہتر ہے، انہوں نے ڈاکٹرز کو بچی کے بہترین علاج کی ہدایت کی۔

بعد ازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے خلاف ایسے واقعات ہونا افسوس ناک ہے، پولیس بہترین انداز میں کام کر رہی ہے، بچوں کے خلاف ہونے والے واقعات کو روکنے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔