امت مسلمہ متحد ہے، او آئی سی کمزور مؤقف مت دکھائے: مولانا فضل الرحمان

Published On 12 November,2023 08:12 pm

مری: (دنیا نیوز) سربراہ جمعیت علما اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج امت مسلمہ اکٹھی ہے، او آئی سی فلسطین کے معاملے پر کمزور مؤقف مت دکھائے۔

مری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نظریاتی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، 75 سال میں جو کچھ ہوا کیا ہم نے بحیثیت قوم اپنا محاسبہ کیا؟، ماضی کی لکیروں کی پیروی کرنے کے بجائے نئی سمت کی جانب بڑھنا ہوگا، جے یو آئی نظریاتی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان اور مستحکم معیشت کسی بھی ریاست کیلئے ضروری ہے، ملک میں نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی، قرآن وسنت سے رہنمائی نہیں لیں گے تو کامیابی نہیں ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، فلسطینی بھائیوں کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے، امریکہ، برطانیہ، فرانس میں بھی فلسطینی عوام پر مظالم کیخلاف مظاہرے ہوئے، پوری دنیا میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز نے ظلم کے پہاڑ توڑے، اسرائیل نے فلسطین میں بچوں اور عورتوں کو بھی شہید کیا، عورتوں اور بچوں پر بمباری کرنا بزدل کی نشانی ہے، اسرائیل میں جرات ہے تو میدان میں کیوں نہیں آ رہا؟۔

سربراہ جمعیت علما اسلام نے مزید کہا کہ ملک دشمنوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، پوری امت مسلمہ کا فرض بنتا ہے کہ وہ فلسطینیوں کا ساتھ دے، مغربی قوتوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔