اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرقِ وسطی و اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے امور کیلئے نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ملاقات میں غزہ میں غاصب صہیونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینوں پر جاری نسل کشی اور مظالم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عالمی قوتوں کو فلسطینیوں پر جاری مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ اور مولانا طاہر اشرفی نے فلسطین بالخصوص غزہ کی صورتحال کے حوالے سے عنقریب منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) کے اجلاس کا خیر مقدم کیا۔
مولانا طاہر اشرفی نے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات پر وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے مولانا طاہر اشرفی کی بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطی و اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح کیلئے کوششوں کو سراہا۔