لاہور: (دنیانیوز) پنجاب کالجز کے زیر اہتمام یوم اقبال کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔
شاعر مشرق اور حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش کے حوالے سے پنجاب کالجز کے زیر اہتمام حالی روڈ کیمپس میں فکرِ اقبال پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ بورڈ آف گورنرز کے ممبر میاں سلمان فاروق جبکہ سیکرٹری جنرل نظریہ پاکستان ٹرسٹ ناہید گل اور معروف وکیل رائے سعد نے بطور مہمان شرکت کی، اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئر پنجاب کالجز حلیمہ سعدیہ بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں سلمان فاروق کا کہنا تھا کہ اقبال کا پیغام آفاقی تھا، ان کی شاعری دین اسلام کے مطابق تھی، اقبال نے مغربی جمہوریت کو مسترد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس نظام حکومت میں عام آدمی کو کچھ نہ ملے وہ کسی کام کا نہیں، اقبال نے برصغیر کے تمام حالات کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خیال پیش کیا ۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ خود کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرتے ہوئے ستاروں پر کمند ڈالنے کے لیے تیار کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناہید عمران گل نے علامہ اقبال کے پیغام کو اجاگر کیا جبکہ رائے سعد نے شاعری کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر پنجاب کالجز کے طلبہ نے کلام اقبال بھی پیش کیا، تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئر پنجاب کالجز حلیمہ سعدیہ نے مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں۔