اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عام انتخابات 2024ء کے حوالے سے میڈیا کوریج بارے ہدایات جاری کر دیں۔
پیمرا کے مطابق انتخابات سے متعلق خبروں، تجزیوں، تبصروں اور پروگرامز میں ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
پیمرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے قیاس آرائیوں اور منفی رپورٹنگ سے گریز کیا جائے۔
آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام شہریوں اور اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی معاونت کریں، ایسا کوئی مواد نشر نہ کیا جائے جس سے عام انتخابات سے متعلق شکوک و شبہات جنم لیں۔
پیمرا نے مزید کہا کہ ایسا کوئی مواد نشر نہ کیا جائے جس سے انتخابات کا انعقاد خطرے میں پڑے، سپریم کورٹ نے بھی اپنے فیصلے میں میڈیا کے کردار اور ذمہ داریوں کا ذکر کیا ہے۔