اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیمرا نے فیض آباد دھرنا عملدرآمد کیس میں سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا۔
پیمرا نے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ کے تمام احکامات پر من و عن عمل کر چکے، تمام ٹی وی چینلز کو مذہبی معاملات نشر کرنے پر احتیاط برتنے کی ہدایت کی تھی، فیض آباد آپریشن کے دوران بھی ٹی وی چینلز کو لائیو کوریج سے منع کیا تھا، ہدایات کی خلاف ورزی پر ٹی وی چینلز کی نشریات بند کر دی تھیں۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر 24 گھنٹے بعد نشریات بحال کی گئیں، بعض صحافیوں نے دو نجی چینلز کی نشریات بندش کی شکایت کی تھی، پیمرا نے کسی نیوز چینل کو بند کرنے کی کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی تھی۔