وزیراعلیٰ سندھ سے اکارڈ کے وفد کی ملاقات، گارمنٹس انڈسٹری میں حفاظتی اقدامات پر گفتگو

Published On 26 October,2023 07:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے انٹرنیشنل اکارڈ کے وفد نے ملاقات کی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وفد میں اکارڈ کے پالیسی سربراہ ویرونک کیمرل، براڈ لوون، مزڈینل گریسی اور ذوالفقار شاہ شامل تھے، وزیراعلیٰ سندھ کو وفد نے بتایا کہ اکارڈ گارمنٹس انڈسٹریز میں انسپکشن کے ذریعے حفاظتی اقدامات کو یقینی بناتا ہے۔

حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اکارڈ گارمنٹس صنعتوں میں کام کرنے والے ملازمین کی تربیت بھی کرتا ہے، اکارڈ بنگلا دیش میں 2013ء سے کام کر رہا ہے جس کی وجہ سے اُن کی گارمنٹس کی صنعت نے کافی ترقی کی ہے، اکارڈ پاکستان میں گارمنٹس کے 79 برانڈز کے ساتھ کام کرنے کا معاہدہ کر چکا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری لیبر کو میمورینڈم آف انڈرسٹینڈنگ تیار کرنے کی ہدایت کی، مقبول باقر نے کہا کہ محکمہ محنت و انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ انٹرنیشنل اکارڈ کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کر کے ملکر کام کرے گا۔