لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن ہونے تک بے یقینی رہے گی، جلد از جلد مستحکم حکومتی آنی چاہئے۔
مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے سازش کی تھی وہ ریٹائرڈ ہو کر چلے گئے ہیں، کیا نوازشریف کو انصاف نہیں ملنا چاہئے؟ 2017ء میں نوازشریف کے خلاف کیسز بنا کرناٹک کیا گیا، کیا تاریخ میں غلطی مستقل رہنی چاہئے یا درست ہونی چاہئے؟
احسن اقبال نے کہا کہ اگر نوازشریف کے کیس کو عدالت نے 24 گھنٹے میں سنا ہے تو چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی عدالتوں سے فوری ریلیف ملتا رہا ہے، بائیومیٹرک کے لئے نوازشریف کے ساتھ کوئی خصوصی سلوک نہیں کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی جیسا وی آئی پی سلوک کسی کو نہیں ملا، نوازشریف تلخیاں نہیں بڑھانا چاہتے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ فیصلے سے ملک دشمن عناصر کے حوصلے بڑھیں گے:عطاءاللہ تارڑ
سیکرٹری جنرل ن لیگ نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی سے شاید پیپلزپارٹی کو لگ رہا ہے ان کا کھیل خراب ہوا ہے، معاشی بحران کو حل کرنے کے لئے جلد از جلد مستحکم حکومت آنی چاہئے، جتنی دیر تک الیکشن نہیں ہوں گے بے یقینی کی صورتحال رہے گی، آئین کی روشنی میں فوری طور پر الیکشن ہونے چاہئیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ اگرہم نے اصلاحات نہ کیں تو معاشی بحران بہت گہرا ہوجائے گا، نوازشریف کی مینار پاکستان میں عوام کے ساتھ کمیونیکیشن ہوئی، ہم مستقبل میں بھی عوام کے ساتھ ہی کمیونیکیشن کریں گے، نوازشریف نے واضح کہا ملک کو آئین کے مطابق چلانے کے لئے سب کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت جو بحران ہیں ان کو حل کرنے کیلئے ہمیں پیچھے دیکھنے کے بجائے آگے دیکھنا ہوگا، سب کو اعتماد اورآئین کے دائرے کار میں چلنا ہوگا، اگر اندرونی تصادم ہوگا تو پھر ہمیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوگی۔