دبئی: (دنیا نیوز) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وطن واپسی پر خوشی ہے، آج سر خرو ہو کر پاکستان جا رہا ہوں۔
دبئی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا تھا سب اللہ پرچھوڑتا ہوں، آج بھی اللہ پر چھوڑا ہوا ہے، ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2017 کے مقابلے میں آج ملک کے حالات بہتر نہیں، پاکستان کے حالات دیکھ کر دل بہت اداس ہے، پاکستان معاشی اور معاشرتی لحاظ سے پیچھے چلا گیا، امید کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے، ہم نے حالات بگاڑے بھی خود، ٹھیک بھی خود کرنے ہیں۔
قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہمیں خود اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے، کسی اور نے اٹھا کر نہیں کرنا، ہمارے دور میں پاکستان آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ چکا تھا، پاکستان میں روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، ادویات مفت تھیں، بتائیں! پہلے والا پاکستان آج آپ کو نظر آتا ہے؟ نوبت یہاں تک کیوں آئی؟ نہیں آنی چاہیے تھی، ہمیں آج دنیا کی بلند ترین قوموں میں ہونا چاہیے تھا۔
انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن مجاز ادارہ جو انتخابات کا فیصلہ کر سکتا ہے، آج ملک میں غیرجانبدار الیکشن کمیشن موجود ہے، مردم شماری ہوچکی، حلقہ بندیاں ابھی ہونا باقی ہیں، الحمدللہ ہم الیکشن کیلئے بالکل تیار ہیں۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں اور میری بیٹی نے ڈیڑھ ڈیڑھ سو پیشیاں بھگتی ہوئی ہیں، بالآخر میری بیٹی کو بھی کورٹ سے کلین چٹ ملی۔