فیصل آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف کی نااہلی کو 5 سال گزر چکے ہیں، قانون کی روح سے نوازشریف الیکشن لڑنے کے اہل ہیں۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف دورمیں پاکستان ترقی کررہا تھا، پی ٹی آئی دورمیں کرپشن کے ریٹ بڑھے، پی ٹی آئی حکومت میں ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ہم نے عدم اعتماد کیا، معاشی ماہرین کہہ رہے تھے اگرعدم اعتماد نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔
— Dunya News (@DunyaNews) October 12, 2023
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف ہی واحد امید ہے، نوازشریف کےعلاوہ کوئی آپشن نہیں ہے، اگرکوئی آپشن نہیں ہے تو پھراس مؤقف کو تسلیم کیا جانا چاہئے، نوازشریف امید بن کرآرہا ہے، اس کا ساتھ دینا چاہیے، نوازشریف اکیس اکتوبر کو واپس آرہے ہیں۔
مسلم لیگ پنجاب کے صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان سے لیکر بلوچستان تک عوام کی نمائندگی کو یقینی بنائیں گے، ہم نے منظم اور متحرک جماعت ہونے کا ثبوت دینا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھرپور ستائش کرتے ہیں، چیف جسٹس نے بہت ہی عمدہ فیصلہ کیا ہے، فیصلے میں طے کر دیا گیا ہے کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے۔
پی ٹی آئی کا بطور سیاسی جماعت انتخاب میں حصہ لینے کا حامی ہوں، جس جتھے نے نو مئی برپا کیا ایسے لوگوں کو سیاست کرنے کا حق نہیں ہونا چاہئے، ایسا نہیں ہوسکتا کوئی جرم کرے اور کہے الیکشن لڑنا ہے، باقی لوگوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہئے، 21 اکتوبر کی پرفارمنس دیکھ کر ٹکٹ ملیں گے۔