لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان کی ترقی کا ویژن دیں گے، قرض، مہنگائی اور معاشی بدحالی سے آزاد پاکستان بنائیں گے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ نون مریم نواز کی زیر صدارت ن لیگ اقلیتی ونگ کا مشاورتی اجلاس ہوا، اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہے ہیں، نواز شریف نے قوم سے ہر وعدہ پورا کیا، قومی سطح پر اقلیتوں کی آواز کو طاقتور اور توانا بنا کر پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا وطن روانگی سے قبل 4 اہم ممالک کا دورہ کرنے کا فیصلہ
سینئر رہنما ن لیگ نے کہا کہ 21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دن واپس آرہے ہیں، نوازشریف آئین کے مطابق غیرمسلم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کا ایجنڈا دیں گے، تحریک پاکستان میں اقلیتوں کا کردار ناقابل فراموش ہے، غیر مسلم پاکستانی مینار پاکستان پر قائد نواز شریف کے ساتھ مل کر روشن پاکستان کی تعمیر کے عہد کا اعادہ کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ سکھ برادری کو دیکھ کر اپنے دادا کے پیدائشی علاقے امرتسر کی یاد آ گئی، وہاں سے ہمیشہ دعاؤں کے پیغامات آتے ہیں۔