اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت پیر کو ہوگی جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق سماعت کریں گے، عدالت نے کیس میں دلائل کے لئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔
اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر 25 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق درخواست پر سماعت کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے جیل میں سہولیات کی فراہمی اور اڈیالہ جیل منتقلی کی استدعا کر رکھی ہے۔
عدالت نے کچھ روز قبل درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، بعض قانونی نکات کی مزید وضاحت کیلئے عدالت نے کیس دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کیا ہے۔