لاہور: (دنیا نیوز) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے ڈرامہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کر دی۔
وزیراطلاعات پنجاب عامر میر کی ہدایت پر پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے سٹیج ڈراموں کی آڑ میں فحاشی و عریانی پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا، پنجاب آرٹس کونسل نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ، بہاولپور، ملتان، رحیم یارخان، ساہیوال، بھکر، شیخوپورہ اور پاکپتن کو ہدایات جاری کر دیں۔
عامر میر نے کہا ہے کہ ڈرامہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے اور فحاشی پھیلانے والی اداکاراؤں، پروڈیوسرز اور تھیٹر مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈرامہ ایکٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے، کوئی بھی تھیٹر سکرپٹ کی سکروٹنی، فل ڈریس ریہرسل اور این او سی کے بغیر ڈرامہ نہیں دکھا سکے گا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل کی ٹیمیں صوبے بھر میں ڈراموں کی روزانہ مانیٹرنگ کر رہی ہیں، جہاں بھی شکایت موصول ہوئی وہاں سخت کارروائی کی جائے گی۔