اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سیاحت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے منصب سنبھالنے پر مبارک دی، نگران وزیراعظم نے کہا گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع مواقع سے بھرپور طریقے سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا، گلگت بلتستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔
انوارالحق کاکڑ نے وزیراعلیٰ کی گلگت بلتستان کے دورے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کی دعوت قبول کر لی، انہوں نے کہا بہت جلد گلگت بلتستان کا دورہ اور گلگت بلتستان یونیورسٹی کے طلباء سے ملاقات کروں گا، وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور اور مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔
نگران وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے مسائل کے حل اور لوگوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی، گلگت بلتستان کے عوام بہت مہمان نواز ہیں جس کا متعدد بار خود تجربہ کر چکا ہوں۔