لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین آئی پی پی نے ضلعی صدور کو اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے پارٹی سیکرٹریٹ میں رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی موجود تھیں۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ تمام رہنماؤں نے بٹگرام میں پھنسے بچوں کی بحفاظت بازیابی کے لٸے خصوصی دعا کی، انہوں نے کہا کہ وہ پاک فوج کے کمانڈوز کی سلنگ آپریشن میں کامیابی کے لٸے پُر اُمید ہیں، پریشانی کی اس گھڑی میں تمام قوم دست بہ دعا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین آئی پی پی جہانگیر ترین نے ضلعی کمیٹیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کی اور ضلعی صدور کو اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی کو متحرک بنانے کی ہدایت کی۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ ضلعی کمیٹیاں اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی میٹنگز اور ایونٹس پلان کریں، پارٹی کو فعال بنانے کے لئے نوجوانوں کو خاص طور پر پارٹی کا حصہ بنایا جائے، انہوں نے ضلعی سطح پر ایونٹس کیلنڈر ترتیب دینے کی بھی ہدایت۔ کی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ چیئرمین پارٹی نے پارٹی دفاتر اور اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی پرچم لہرانے کی ہدایت جاری کی، 9 ریجنز میں پارٹی سرگرمیوں کو فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ہماری پارٹی کا پرچم انفرادیت اور یگانگت کا حامل ہے، یہ پرچم اپنا تعارف آپ ہے، ہماری پارٹی جدید طرز سیاست کی علمبردار ہٕے۔