لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نےلاہور، بہاولپور، گوجرانوالہ، سرگودھا اور ساہیوال کے ڈویژنل عہدیداروں کا اعلان کر دیا۔
ذرائع کے مطابق مراد راس لاہور ڈویژن کے صدر اور میاں خالد محمود جنرل سیکرٹری ہوں گے، نوریز شکور کو ساہیوال ڈویژن کا صدر اور دیوان اخلاق کو سیکرٹری جنرل نامزد کیا گیا ہے، سعید اکبر نوانی سرگودھا ڈویژن کے صدر ہوں گے جبکہ امیر حیدر سنگھا کو جنرل سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی گوجرانوالہ ڈویژن کیلئے رانا نذیر احمد صدر اور مامون جعفر تارڑ سیکرٹری جنرل ہوں گے، سید مبین عالم کو آئی پی پی کا بہاولپور ڈویژن کا صدر اور سید تحسین گردیزی کو جنرل سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے۔
آئی پی پی نے سردار تنویر الیاس کو آزاد جموں کشمیر کا صدر نامزد کر دیا ہے، اسحاق خاکوانی، عمران اسماعیل اور غازی گلاب جمال کو استحکام پاکستان پارٹی پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدور نامزد کیا گیا ہے۔
سیکرٹری جنرل استحکام پاکستان پارٹی عامر کیانی نے پیٹرن ان چیف جہانگیر خان ترین اور پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کی مشاورت سے تمام نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔