لاہور: (دنیا نیوز) واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں شہریوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔
پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران نوجوان، بزرگ، بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی، رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے پرچم اتارنے کی پریڈ میں حصہ لیا، اس موقع پر رینجرز کے جوانوں کے ساتھ ساتھ عوام کا جوش و خروش اور فلک شگاف نعرے بے مثال تھے، تقریب کے دوران واہگہ بارڈر کی فضاء " پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونجتی رہی۔
خوبصورت ملی نغمے ہر سو بکھرے رہے اورہر نوجوان پاکستانی پرچم تھامے نظر آرہا تھا، شائقین نے پاک فوج کے جوانوں کو قریب پا کر موقع کوغنیمت جانا اور جی بھر کر تصاویر بھی بنائیں۔
پاکستان رینجرز کے شیر دل جوانوں کے بوٹوں کی گھن گھرج اور وطن کی حفاظت کے جذبے سے بھرپور پریڈ پاکستانیوں کا لہو خوب گرماتی رہی، واہگہ بارڈر پر موجود کیا بچے، بزرگ، خواتین سب ہی بہت پُرجوش اور بھرپور انداز میں اپنے سپاہیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔