ہسپتال سندھ حکومت کے حوالے کرنے پر شہباز شریف کے شکر گزار ہیں، بلاول بھٹو

Published On 08 August,2023 07:10 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں انہوں نے ہسپتال سندھ حکومت کے حوالے کیے۔

سکھر میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میڈیکل کمپلیکس اور چائلڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترامیم پر ڈاکہ ڈال کر ثاقب نثار، چیئرمین پی ٹی آئی نے ہسپتالوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، آج ہمارے ہسپتال ہمیں واپس مل گئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے ہر ڈسٹرکٹ میں علاج کی مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں، ہم نے عام آدمی کی خدمت کرنی ہے، یہی فلسفہ وفاقی حکومت کا ہونا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کا افتتاح بھی کیا گیا ہے، ہسپتالوں کے قیام سے عوام کو سہولت میسر آئے گی، ڈاکٹر ادیب رضوی کے مشن کو پورے پاکستان تک پھیلانا چاہتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکھرکا چلڈرن ہسپتال بہت شاندار ہے، چلڈرن ہسپتال کے لیے جنوبی کوریا سے سوفٹ لون لیا ہے، سکھر چلڈرن ہسپتال میں بلوچستان کے بچے بھی مفت علاج کرا سکیں گے، ہمارا خواب ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں میڈیکل کمپلیکس بنائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سانگھڑ میں بھی این آئی سی وی ڈی بنائیں گے، سندھ حکومت صوبے میں صحت کے شعبے میں انقلاب لے کر آئی، تنقید کرنے والوں کو ایسے ادارے بنا کر منہ توڑ جواب دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک جا کر لوگوں کو این آئی سی وی ڈی بارے بتاتا ہوں، اگر آپ ہمیں موقع دیں گے تو علاج کی سہولیات کو پورے ملک میں پھیلائیں گے، این آئی سی وی ڈی کے وژن کو دنیا میں پھیلائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جیالے کبھی الیکشن سے نہیں ڈرے، پیپلز پارٹی کے کارکن ہر وقت الیکشن کے لیے تیار ہوتے ہیں، دو، تین دن بعد کارکنوں کے پاس واپس آکر کمپین چلاؤں گا، ہم سب مل کر بھٹو کے نامکمل مشن کو پورا کریں گے۔