لاہور: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کیس میں گرفتار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اٹک جیل میں پہلی رات کیسے گزری تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے پہلی رات اٹک جیل کی ہائی سکیورٹی بیرک میں گزاری، چیئرمین پی ٹی آئی کو رات کا کھانا اور صبح کا ناشتہ جیل مینول کے مطابق دیا گیا، سابق وزیراعظم کو نماز فجر کے بعد ناشتے میں بریڈ سلائس، فرائی و ابلا ہوا انڈا، مکھن اور چائے دی گئی۔
جیل ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے رات کا کچھ حصہ سو کر بھی گزارا، وہ نماز تہجد کیلئے بھی اٹھے اور نماز فجر ادا کر کے جیل کا مہیا کردہ ناشتہ کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل مینول کے مطابق دیگر سہولیات تولیہ، ٹشو پیپر، منرل واٹر، عینک، تسبیح، گھڑی، کرسی، زمین پر سونے کے لئے میٹرس فراہم کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسڑکٹ جیل اٹک میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت سابق وزرائے اعلیٰ و دیگر سیاسی شخصیات بھی ماضی میں قید رہ چکی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی اسی سکیورٹی بیرک میں رکھا گیا ہے جہاں میاں نواز شریف بھی کچھ عرصہ قید رہے۔
جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو قید کے دوران بیٹر کلاس میں رکھا گیا تھا جس میں ٹی وی، اخبار، لکھنے پڑھنے کیلئے کتب، سٹیشنری، ایئر کنڈیشن یا روم کولر، چھوٹا فریج و بستر اور مشقتیوں کی اجازت ہوتی ہے تاہم چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے ان سہولیات کو ہوم ڈیپارٹمنٹ یا عدالت کی اجازت سے مشروط کیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈسڑکٹ جیل اٹک کے اندر اور بیرونی اطراف میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، چیئرمین پی ٹی آئی جس بیرک میں قید ہیں اس کے گرد محکمہ جیل خانہ جات کے کمانڈوز اور باہر جیل پولیس کے اہلکار تعینات ہیں، جیل کے بیرونی اطراف ضلعی پولیس اور رینجرز کی پٹرولنگ بھی جاری ہے۔