لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان اور گہرائی 196 کلو میٹر تھی، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
دریاخان، نوشہرہ، شاہ کوٹ، بھیرہ، بھلوال، ہنگو، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ، ننکانہ صاحب، داؤدخیل، جھنگ، ہجیرہ اور آزاد کشمیر کے دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پھالیہ، قصور، فیصل آباد، اٹک، مردان، اوکاڑہ، بھکر، پسرور، جہانیاں اور صفدرآباد سمیت دیگر شہروں میں بھی زلزلہ آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔