اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے 4 گواہان کی فہرست ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کر رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری اور مرزا عاصم بیگ جبکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف نے کہا کہ وکیل خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، 12 بجے تک کا وقت دیں، لیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے کہا کہ انہوں نے گواہان کی لسٹ عدالت میں پیش کرنی تھی، جج ہمایوں دلاور نے کہا آپ نے عدالت میں آج گواہان کی لسٹ پیش نہ کی تو آپ کا رائٹ ختم کر دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 گواہان کی فہرست پیش کر دی
وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کا آغاز ہوا تو بیرسٹر گوہر نے 4 گواہان کی فہرست عدالت میں پیش کر دی۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ 4 گواہان کی فہرست میں وائے آئی اے کے ٹیکس کنسلٹنٹ محمد عثمان علی، سینئر منیجر قدیر احمد شامل ہیں، آئی ٹی پی کے سینئر منیجر نوید فرید اور پی ٹی آئی کے رؤف حسن بھی گواہان کی فہرست میں شامل ہیں۔
اس پر جسٹس ہمایوں دلاور نے کہا کہ آج آپ نے گواہان کو پیش کرنا تھا، صرف لسٹ کی فراہمی نہیں کرنی تھی جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کل تک کا وقت دیں ہم پیش کر دیں گے، جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ صبح سے دو سے تین مرتبہ سماعت میں وقفہ ہوا اور اب بھی آپ وقت مانگ رہے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں ایک مرتبہ پھر وقفہ کر دیا۔