لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کیمپ جیل کا طویل دورہ کیا اور بیرکس میں جا کر قیدیوں کے مسائل سنے، جیل میں قیدیوں کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے قیدیوں سے جیل عملے کے سلوک کے بارے دریافت کیا، بعض قیدیوں نے جیل عملے کی جانب سے تشدد کی شکایات کیں جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو تشدد کی شکایات کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے بے گناہی ثابت کرنے کے حوالے سے قیدیوں کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا، کمیٹی ہر قیدی سے فرداً فرداً ملاقات کرے گی اور شواہد کا جائزہ لے کر بے گناہ قیدیوں کے بارے رپورٹ پیش کرے گی، کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بے گناہ قیدیوں کو رہا کرنے کیلئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نگران وزیر اعلیٰ نے قیدیوں کیلئے ائیر کولر نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 3 روز میں تمام بیرکس میں ائیر کولر لگانے کا حکم دے دیا، ڈپٹی کمشنر کو 3 روز بعد جیل کا دورہ کر کے ائیر کولرز چیک کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بیرکس میں فوری طور پر نئے پنکھے بھی لگائے جائیں، کوئی بے گناہ جیل میں نہیں رہے گا اور گناہ گار چھوٹے گا نہیں۔