لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے دیگر تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2023 کے نتائج کا اعلان کر دیا، لڑکیوں نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔
لاہور بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 2 لاکھ 30 ہزار 915 طلباء نے حصہ لیا، سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 72 ہزار 204 طلباء پاس ہوئے جبکہ 57 ہزار کے قریب امیدوار دسویں جماعت کے امتحانات میں فیل قرار پائے۔
لاہور بورڈ میں 1100 میں سے سب سے زیادہ 1091 نمبر پرائیویٹ امیدوار طوبیٰ اعظم نے حاصل کیے، 1090 نمبروں کیساتھ پرائیوٹ امیدوار محمد عبداللہ دوسرے نمبر پر رہے، حادیہ نور 1089 نمبروں کیساتھ تیسرے نمبر پر رہیں، لاہور بورڈ میں پہلی تینوں پوزیشنز پر پرائیویٹ امیدواروں نے حاصل کیں۔
سپیشل سیکرٹری ہائرایجوکیشن آغا علی عباس نے بتایا ہے کہ لاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 74 فیصد سے زائد رہا، میٹرک کے امتحانات بہتر ماحول میں منعقد ہوئے، مجموعی طور پر 28 جعلی کیسز سامنے آئے۔
پنجاب کے دیگر تعلیمی بورڈز کے نتائج
فیصل آباد میں طلباء کی کامیابی کا تناسب 81.76، ڈی جی خاں میں 86.37، بہاولپور میں 82.70 اور گوجرانوالہ میں 80.82 فیصد رہا، اسی طرح ملتان میں85 فیصد، راولپنڈی 77.20، ساہیوال 78.76 اور سرگودھا میں 82.82 فیصد طلباء نے کامیابی سمیٹی۔