لاہور میں بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر، 120 سے زائد فیڈر ٹرپ

Published On 29 July,2023 01:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں لیسکو ریجن کا بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، لیسکو کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر چکے ہیں۔

فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب لیسکو ترجمان نے کہا ہے کہ لیسکو فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاہم شدید بارش کے باعث بجلی بحالی کے کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے، صارفین سے درخواست ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار

ترجمان لیسکو نے مزید کہا کہ اپنے بچوں کو خصوصی تاکید کریں کہ وہ گلی محلوں میں کھیلتے ہوئے بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں، بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے کم ازکم 10فٹ دور رہیں۔

ادھر لیسکو چیف انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران لائن پر کام کرنے والے فیلڈ ملازمین سیفٹی سے متعلق تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں، لائن سٹاف حفاظتی آلات کے بغیر ہرگز کام نہ کرے، صارفین کی شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ اپنی قیمتی جان کی بھی حفاظت کریں اور قطعاً جلد بازی نہ کریں۔