کراچی : (دنیانیوز) وزیراعظم شہبازشریف کاکہناہے کہ اگلے ماہ ہماری حکومت کی ٹرم پوری ہورہی ہے، عوام کے مینڈیٹ سے نئی حکومت آئے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف آج ایک روزہ دورے پرکراچی پہنچے جہاں اُن کا لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب میں پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی وزیراعلیٰ سندھ ایک جواں سال وزیراعلیٰ ہیں اور ان کی ٹیم محنت کررہی ہے ، گورنرکا جوانوں کی ٹریننگ کیلئے شاندار پروگرام لائق تحسین ہے اسی طریقے سے پاکستان تیزی سے ترقی کے راستے پر گامزن ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ وسائل کو نوجوانوں کے قدموں میں نچھاور کرنا چاہیے ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کومزید نکھارنے کی ضرورت ہے، ماضی میں خادم پنجاب کی حیثیت سے جو کچھ کیا وہ نہیں بتانا چاہتا یہ پچھلے بجٹ سے ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کررہے ہیں، لیپ ٹاپ کیلئے کوئی سفارش نہیں، صرف تعلیم معیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کا 4 آر ایف کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی، تعمیر نو کے عزم کا اعادہ
انہوں نے کہا کہ موقع ملاتوچاروں صوبوں میں5 سے 10لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے، نوجوان ہماری قوم کے مستقبل کی ضمانت ہیں یہ نوجوان ملک کیلئے اربوں ڈالرز کما کرلائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بینک آسانی سے بڑے بزنس ہاؤسز کو لون دیتے ہیں، بینکوں کو یقینی بنانا ہوگا کہ نوجوانوں کو بھی لون ملے، گزشتہ حکومت نے نوجوانوں، کسانوں، چھوٹی انڈسٹریز کا خیال نہیں رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غربت اور بے روزگاری سے نجات کیلئے مربوط پلان تیارکرلیا ہے پاکستان اب ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، کچھ لوگ جاد و ٹونا اور پھونکیں مار رہے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے ، اللہ کا شکر ہے پاکستان ڈیفالٹ کی جانب نہیں گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ اشرافیہ کو بوجھ قبول کرنا ہوگا، مزدور تو پہلے ہی دبا ہوا ہے، اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا، بجلی،گیس کی چوری کا خاتمہ کرنا ہوگا، یقین ہے کہ نوجوان ہمیں بھی پار لگائیں گے اور پاکستان کو بھی پار لگائیں گے۔