اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ ایک اہم کیس ہے جس میں دن بدن سنگینی کا اندازہ ہو رہا ہے، توشہ خانہ کی چوری سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے، چوری کی ہے تو حساب تو دینا پڑے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کبھی ایک، کبھی دوسرا بہانہ کرتے ہیں، کبھی جج پر عدم اعتماد، کبھی میری حاضری پر اختلاف، چیئرمین پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ ان کی مرضی کا فیصلہ ہو، توشہ خانہ کے تحائف نہ صرف لئے گئے بلکہ بیچے بھی گئے، چوری کی ہے تو حساب تو دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف بلیک مارکیٹ میں بیچے اور رقم بھی جمع نہیں کروائی، توشہ خانہ کیس دن دیہاڑے چیئرمین پی ٹی آئی کا ڈاکہ ہے، کیس گزشتہ گیارہ ماہ سے چل رہا، چیئرمین پی ٹی آئی ایک بار پیش ہوئے، توشہ خانہ کے تحائف قوم کا پیسہ تھا، اربوں روپے کے تحائف تھے، چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ سے تحفہ لینا ڈیکلیئر بھی نہیں کیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پہلے کہا امریکا نے ہماری حکومت گرائی، بعد میں مدد مانگتے رہے، سائفر کیس میں اعظم خان کا بیان بہت اہم ہے، اعظم خان نے اعترافی بیان میں کہا کہ سائفر میں مرضی کے منٹس لکھوائے گئے، سائفر کا جھوٹا بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔